ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ریاست میں نئی سیاسی صف بندیاں عنقریب: وشواناتھ

ریاست میں نئی سیاسی صف بندیاں عنقریب: وشواناتھ

Mon, 31 Jul 2017 23:32:38    S.O. News Service

بنگلورو:31/جولائی(ایس او نیوز) سابق وزیر اورجنتادل (ایس) لیڈر ایچ وشواناتھ نے کہاکہ آنے والے دنوں میں ریاست میں نئی سیاسی صف بندیوں کاآغاز ہوگا اور کانگریس کے بیشتر قائدین جنتادل (ایس) میں شامل ہوجائیں گے۔آج بلاری میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دیوالی تہوار کے فوراً بعد سیاسی صف بندیوں کی شروعات ہوگی اور اس مرحلے میں بی جے پی کے بھی متعدد قائدین جے ڈی ایس کا رخ کرنے والے ہیں۔ وشواناتھ نے کہاکہ کانگریس کو یہ بھرم ہوچکا ہے کہ آنے والے انتخابات میں وہ ریاست کے اقتدار پر یونہی برقرار رہے گی، لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ریاست کا رعیت اور غریب طبقہ جنتادل (ایس) کے ساتھ ہے، ریاست کی زبان ، زمین ، سرحد ، پانی اور دیگر مفادات کی حفاظت صرف جنتادل (ایس) کے ذریعہ ممکن ہے۔ ریاست کے دیہی علاقوں کی ترقی کو مسلسل نظر انداز کرنے والی قومی سیاسی جماعتوں کانگریس اور بی جے پی کو آنے والے انتخابات میں دیہی عوام ضرور سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ غیر ضروری طور پر بعض حلقے جنتادل (ایس) کو باپ بیٹوں کی سیاسی پارٹی قرار دے کر بدنام کررہے ہیں ، دراصل کانگریس ماں بیٹے کی سیاسی پارٹی ہے۔ یہاں ماں بیٹے کے علاوہ کسی اور کی کچھ نہیں چلتی، جبکہ جنتادل (ایس) میں ایسی صورتحال نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی عوام سے ہمیشہ ربط میں رہنے کیلئے انہوں نے جنتادل (ایس) میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ کانگریس پارٹی کو انہوں نے سرکاری مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل قرار دیا ہے اور کہاکہ یہاں پر نہ نیٹ ورک ہے اور نہ رفتار۔جبکہ جنتادل (ایس) آج کی عوام سے تیز رفتار جڑتی ہوئی پارٹی ہے۔ وشواناتھ نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں کمار سوامی ریاست کے وزیر اعلیٰ ضرور بنیں گے اور ان کی قیادت میں جنتادل (ایس ) ریاستی عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جدوجہد کرے گی۔ 


Share: